5 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:16
یونس الموریطانی سمیت القاعدہ کے 3اہم رہنما کوئٹہ سے گرفتار
جنگ نیوز -
راولپنڈی . . . . . امریکی انٹیلے جنس ایجنسیز کی معاونت سے القاعدہ کے اہم سینئر رہ نما یونس الموریطانی کو دو ساتھیوں سمیت کوئٹہ سے گرفتار کر لیا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق یونس الموریطانی کو آئی ایس آئی اور فرنٹیئر کور بلوچستان کے مشترکا آپریشن میں دو ساتھیوں عبدالغفار الشمسی اور میثارہ الشمسی سمیت کوئٹہ کے نواح سے گرفتار کیا گیا۔ یونس الموریطانی بین الاقوامی آپریشن کرنے اور ان کی منصوبہ بندی کا ذمہ دار تھا۔ اسامہ بن لادن نے اسے امریکا ، یورپ اور آسٹریلیا میں معاشی اہمیت کی حامل جگہوں کو نشانہ بنانے کا ہدف دیا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یونس الموریطانی امریکا میں گیس پائپ لائن اورتوانائی پیدا کرنے والے ڈیمز کو نشانہ بنانے سمیت عالمی پانیوں میں آئل ٹینکرز کو اسپیڈ بوٹس سے دھماکا خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ القاعدہ رہ نما کے خلاف کارروائی امریکی انٹیلے جنس ایجنسیز کی معاونت سے کی گئی جو القاعدہ کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آئی ایس آئی اور امریکی انٹیلے جنس ایجنسیز کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات ہیں جو دونوں اقوام کے لیے سیکیورٹی بہتر بنانے کی خاطر باہمی تعاون جاری رکھیں گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کی انٹیلے جنس ایجنسیز کے تعاون کی بدولت صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ امریکا سمیت دنیا بھر میں دہشت گردی کے کئی واقعات سے بچنے میں مدد ملی۔