7 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:53
کراچی میں امن کیلئے سیاسی قوتوں کو کردار ادا کرنا چاہئے، رحمت خان وردگ
جنگ نیوز -
پشاور…جنگ نیوز…پاکستان تحریک استقلال کے سربراہ رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کے قیام کے لئے تینوں بڑی سیاسی جماعتوں پی پی پی، ایم کیو ایم اور اے این پی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ شہریوں کو امن مل سکے اور تمام اقوام کے لوگوں کو روزگار کے برابر مواقع میسر آ سکیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں پشاور پریس کلب میں خیبر یونین آف جرنلسٹس کے پروگرام ”ملاقات“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں دو کروڑ عوام رہ رہے ہیں اور یہاں پر کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے سے ان کے ذریعہ معاش پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کراچی میں مقیم پختون کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ کراچی میں امن و امان کے قیام میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور کسی بھی منفی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک استقلال نے ہمیشہ صوبوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھائی ہے اور صوبائی وسائل پر صوبے کے اختیار کا مطالبہ کیا ہے ۔