تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
7 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:53

برطانیہ : عدالتوں میں کیمرا لے جانے پر عائد پابندی ختم

جنگ نیوز -
لندن…جنگ نیوز… برطانوی حکومت نے عدالتوں میں کیمرے لے جانے کی 86 سال پرانی پابندی کا خاتمہ کردیا۔ برطانوی وزیر انصاف کن کلارک کے مطابق ویلز اور انگلینڈ کی عدالتوں ماسوائے سپریم کورٹ میں کیمرے لے جانے اور فلم بندی پر عائد پابندی ہٹا دی گئی تاہم کیمرے کے ذریعے کمرہ عدالت میں فلم بنانے کی اجازت ججز صاحبان کے سمری ریمارکس دینے تک محدود ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ اجازت نظام انصاف کے بارے عوام کی سمجھ بوجھ بڑھانے کیلئے دی گئی ہے تاہم کمرہ عدالت میں درخواست گزار عینی گواہوں، مجرموں اور ججز کی تصاویر بنانے پر پابندی رہے گی تاکہ عدالتوں کی کارروائیوں میں خلل واقع نہ ہو اور نہ ہی مقدمہ میں ملوث افراد کی پرائیویسی متاثر ہو۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں ریکارڈ کردہ ججز کی سمری ریکارڈز کو براڈ کاسٹ کرنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نظام انصاف پر عوامی اعتماد بڑھانے میں ٹی وی کردار رکھتا ہے۔ مذکورہ اجازت کا اطلاق اپیل کورٹ سے شروع ہوکر کراؤن کورٹ تک جائے گا۔ برطانیہ میں ایک عرصہ سے کمرہ عدالت کا منظر دکھانے کے لئے کلر پنسل اسکیچز کا سہارا لیا جا رہا ہے تاہم 2004ء میں ٹی وی نیٹ ورکس کو کسی مقدمہ کی کارروائی کو ڈمی پروگراموں کی ریکارڈنگ کے ذریعے دکھائے جانے کی اجازت دی گئی۔ برطانیہ میں عدالتوں میں فلم سازی پر پابندی 1925ء میں عائد کی گئی تھی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.