7 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:5
کو ئٹہ کمشنر آفس کے قریب بم دھماکوں پر الطاف حسین کا اظہارِ مذمت
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کو ئٹہ کمشنر آفس کے قریب بم دھماکوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اور اس کے نتیجے میں متعددافرادکے شہیداورزخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ملک و امن دشمن عناصر اپنی مجرمانہ کاروائیوں کے ذریعے بے گناہ معصوم جانوں سے خون کی ہولی کھیل کر ملک کوعدم استحکام سے دو چارکر نا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ دہشت گردعناصر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے بے گناہ انسانوں کاناحق خون بہارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گھناؤنے عمل میں ملوث افراد مسلمان تو کجا انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔الطاف حسین نے بم دھماکوں میں شہیدہونیوالے افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد مکمل صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ۔ الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی رزداری ، وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی ، وزیر اعلیٰ بلو چستان اسلم رےئسانی سے مطالبہ کیا کہ وہ کوئٹہ کمشنر آفس کے قریب بم دھماکوں کا نوٹس لیں اورواقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار رکرکے عبر تناک سزادی جائے۔