10 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 12:55
پی ایس او کو ڈیفالٹ سے بچنے کیلئے50ارب روپے درکار
جنگ نیوز -
کراچی......پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی کو بین الاقوامی سپلائرز کے واجبات ادا کر نے کے لیے فوری طور پر 50 ارب روپے درکار ہیں۔ذرائع کے مطابق، پاکستان اسٹیٹ آئل کو یہ رقم رواں ماہ کی 15 یا 16 تاریخ تک درکار ہے۔ پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی کو لیٹرآف کریڈٹ کی مد میں ادائیگی 90 ارب روپے درکار ہیں، جس میں سے 50ارب روپے کی فوری ضرورت ہے، بہ صورت دیگر کمپنی کے ڈیفالٹ کرجانے کا خدشہ ہے۔وزارت پیٹرولیم کے ایڈیشنل سیکریٹری کی جانب سے وزارت پانی و بجلی کو لکھے جانے والے خط میں حالات کو تشویش ناک قراردیا ہے۔ دوسری پاور سیکٹر کمپنیوں اورحکومت پرپی ایس او کی واجب الادا رقم کا حجم 174 ارب روپے ہوگیاہے۔ ان حالات کے پیش نظر کمپنی نے حکومت سے 50 ارب روپے فوری طور پر ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔