12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 6:31
این آر او کیخلاف فیصلے کے باوجود کسی کو سزا نہیں ملے گی، وکی لیکس
جنگ نیوز -
کراچی…وکی لیکس سے انکشاف ہوا ہے کہ حکومت نے سپریم کورٹ کی جانب سے این آر او کالعدم قرار دینے کے فیصلے سے پہلے ہی امریکا کو بتادیا تھا کہ این آر او کیخلاف فیصلہ آنے کی صورت میں بھی کسی کو سزا نہیں ملے گی۔وکی لیکس کے مطابق 4 دسمبر 2009ء کو واشنگٹن بھیجے گئے ایک سفارتی مراسلے میں امریکی سفیر این پیٹرسن نے قائم مقام اٹارنی جنرل شاہ خاور اور قائم مقام امریکی سیاسی قونصل سے ملاقات کی تفصیل بیان کی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حکومت این آر او کے دفاع کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کرسکی ہے تاہم لگتا ہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ اس آرڈنینس کو غیر قانونی قرار دے گی۔ مراسلے کے مطابق اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوا بھی تو صدر زرداری کو استثنیٰ حاصل رہے گا جب کہ این آر او سے مستفید ہونے والے افراد اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ مراسلے کے مطابق این آر او سے مستفید ہونے والے افراد کے خلاف مقدمات نہیں کھل سکتے لیکن ایسا ہوا تو حکومت کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب پراسیکیوٹرز اور عدالتوں کی کمی کے باعث ان مقدمات کی پیروی آسان نہیں ہوگی۔