12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 7:57
سندھ کے بیشتر علاقوں میں بارشیں تین روز تک جاری رہنے کا امکان
جنگ نیوز -
کراچی…ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں سے میر پورخاص اور حیدرآباد ڈویڑن کے علاقے زیادہ متاثر ہوں گے، جبکہ نگرپارکر،چھاچڑو،بدین اور ڈپلو میں موسلا دھار بارشوں کی توقع ہے ۔ دوسری جانب کراچی میں آئندہ2روزکے دوران ہلکی بارش کی توقع ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیریں سندھ میں مزید موسلادھاربارشوں کی پیشگوئی ہے۔ آج سے بدھ تک کراچی سمیت، بدین، میرپورخاص، عمرکوٹ،ٹھٹھہ،حیدرآبادڈسٹرکٹ میں بیشترمقامات پرآندھی اورتیزہوائیں چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ آئندہ24گھنٹوں کے دوران زیریں سندھ کے اکثر مقامات پرتیزہوائیں اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پرموسلادھار بارش کاامکان ہے۔ جنوبی پنجاب،مشرقی بلوچستان،کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ بالائی پنجاب،پشاور اورہزارہ ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران زیریں سندھ میں کہیں کہیں جبکہ پشاورڈویڑن،کشمیراور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پرگرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش کراچی صدر میں 38 ملی میٹرہوئی، بدین میں 22،کراچی فیصل بیس 20،کراچی نارتھ 8، مالم جبہ اور کراچی ناظم آباد 6، اور پاراچنارمیں5 ملی میٹر بارش ہوئی۔