15 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:57
ایم کیو ایم کے ساتھ تلخیوں کادور گزرچکا،امیر حیدر ہوتی
جنگ نیوز -
نوشہرہ…وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حید رخان ہوتی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے ساتھ تلخیوں کادور گزرچکاہے۔ اب ملک کی ترقی اور کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے آگے بڑھنا ہے۔نوشہرہ کے علاقے پیرپیائی میں پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ وطن کارڈ کے ذریعے سیلاب متاثرین کو ایک لاکھ روپے کی ادائیگی کا وعدہ پورا کریں گے۔ وطن کارڈ کی دوسری قسط چالیس ہزار روپے بہت جلد جاری کی جائیگی۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پولیو جیسے مرض کے خاتمے کیلئے ہم سب نے مل کر جدوجہد کرنا ہے۔ ہر ضلع کے ڈی سی او اپنے ضلع میں پولیو مہم کی کامیابی کیلئے اپنا کردار اداکریں۔انہوں نے علماء کرام سے بھی اپیل کی کہ بعض عنا صر پولیو مہم کو غیر اسلامی قرار دے رہے ہیں، جس سے پولیو مہم متاثر ہورہا ہے اس لئے علماء کرام پولیو مہم کی کامیابی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین، صوبائی وزیر صحت سید ظاہر علی شاہ، سینئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور اور رحیم داد خان ، چیف سیکرٹری غلام دستگیر،انسپکٹرجنرل پولیس خیبر پختونخوافیاض طورو اور یونیسیف کے پاکستان میں نمائندہ مس وفا سید بھی موجود تھے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ اور دیگر شرکا نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔