تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:12

کراچی بدامنی ازخودنوٹس کیس کا فیصلہ محفوظ،عبوری حکم نامہ جاری کردیاگیا

جنگ نیوز -


کراچی …سپریم کورٹ نے کراچی میں بد امنی سے متعلق از خود نوٹس کیس پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے تحریری حکم جاری کیا ہے کہ سی سی پی او کراچی تمام زونز کے ڈی آئی جیز سے دستخط شدہ سرٹیفکیٹ حاصل کریں جس میں اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے کہ کراچی میں بھتہ خوری اور جرائم پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔ چیف جسٹس پاکستان ، جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے کراچی میں بد امنی سے متعلق از خود نوٹس کیس کا عبوری حکم جاری کیا ہے جس میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو چوبیس جولائی 2011 کے بعد جرائم کے درج مقدمات کی تفتیش اور اس حوالے سے ہونیوالی پیشرفت کی رپورٹ عدالت میں جمع کرانیکی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی تفتیشی رپورٹ ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر جسٹس انور ظہیر جمالی اور جسٹس سرمد جلال عثمانی کو چیمبر میں جمع کرائی جائے۔ عبوری حکم میں عدالتوں کو مقدمات کی سماعت روزانہ کی بنیاد پرکر کے جلد نمٹانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالتی حکم میں سندھ حکومت کو صوبائی چیف سیکریٹری کے ذریعے قانون نافذ کرنیوالے اور دیگر اداروں کو پابند بنا یا گیا ہے کہ وہ عدالتوں کو ملزمان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.