تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:12

کراچی: رینجرز نے بشیر قریشی کو پولیس کے حوالے کردیا،کارروائی کی سفارش

جنگ نیوز -
کراچی …رینجرز اہلکاروں کی اسنیپ چیکنگ کے دوران حراست میں لئے گئے،جئے سندھ قومی محاز کے چیئرمین بشیرقریشی کو دوساتھیوں اور غیر قانونی ہتھیاروں سمیت پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔رینجرز ذرائع کے مطابق رینجرز نے تینوں افراد کیخلاف قانونی کارروائی کی سفارش کی ہے اورہتھیار بھی پولیس کو دے دیئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس مقدمہ درج کرے یا رہا کرے یہ ہمارا معاملہ نہیں ہے۔ سہ پہر میں میں رینجرز کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق معمول کی اسنیپ چیکنگ کے دروران گلشن حدید کے علاقے سے بشیر خان قریشی کی گاڑی کو چیک کیا گیا تو ان کے قبضے سے چار ایس ایم جی دو پستول ، اور متعدد گولیاں برآمد ہوئیں ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بشیر قریشی کو ابتدائی تفتیش کے لئے حراست میں لیا گیا ہے۔ ترجمان جسقم کا کہنا ہے کہ جسقم کے رہنماؤں نے بشیر قریشی کے قبضے سے ملنے والے اسلحہ کے لائسنسز پولیس کو پیش کردئیے ہیں۔ ترجمان نے کہا ہے کہ اگر بشیرقریشی کو ساتھیوں کو رات 10 بجے رہا نہ کرنے کی صورت میں جسقم نے کراچی سمیت سندھ بھر میں 3 دن کی ہڑتال کی کال دے دی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ گرفتاری کے وقت بشیر قریشی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بدین روانہ ہوئے تھے۔اسی سلسلے میں جسقم کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس کل کراچی میں طلب کرلیا گیا ہے۔ بشیر قریشی کو حراست میں لئے جانے کیخلاف اسٹیل ٹاوٴن، گلشن حدید اور ملیر کے بیشتر علاقوں میں کشیدگی ہے کاروبار بند ہوگیا ہے جبکہ رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کر کے چند گھروں کی تلاشی بھی لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جسقم کے چیئرمین کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی ہے جس میں مزید ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.