15 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:12
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیان پر اے این پی کی وضاحت جاری
جنگ نیوز -
پشاور…خیبر پختون خوا حکومت نے وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کے ایم کیو ایم سے متعلق بیان کی وضاحت جاری کی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین کے ایک بیان کے مطابق نوشہرہ میں وزیر اعلیٰ حیدر ہوتی سے ایم کیو ایم کے متعلق سوال نہیں کیا گیا بلکہ سوال کراچی کی صورتحال سے متعلق تھا جس کا جواب انہوں نے دیا کہ ہم کراچی میں امن چاہتے ہیں۔میاں افتخار نے کہا کہ ہم کراچی سے متعلق اے این پی کی مرکزی قیادت کے فیصلوں کے پابند ہیں اور مرکزی قیادت نے جو فیصلے کیے ہم من و عن انہی پر عمل پیرا ہیں اور آئندہ کیلئے کراچی کے حوالے سے مرکزی قیادت ہی فیصلوں کی مجاز ہے اور انہی پر عمل کیا جائیگا۔