16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:8
ایران نے لیبیامیں اپنا سفیر دوبارہ تعینات کردیا
جنگ نیوز -
تہران…جنگ نیوز…ایران نے اپنا سفیر لیبیا میں واپس بھیجتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعاون مضبوط ہوگا،ایرانی سفیر کی موجودگی اور سفارتخانے کی سرگرمیوں میں اضافے سے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا اور ترقی کے عمل میں بہتری آئے گی۔جمعہ کو ایران کے سرکاری خبررساں ادارے” ارنا “نے وزارت خارجہ کے حوالے سے کہا ہے کہ ایرانی سفیر علی اصغرنصیری واپس طرابلس جا چکے ہیں جہاں انہوں نے نئے سیاسی ماحول میں اپنی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ تہران امید کرتا ہے کہ ایرانی سفیر کی موجودگی اور سفارتخانے کی سرگرمیوں میں اضافے سے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا اور ترقی کے عمل میں بہتری آئے گی۔ بیان کے مطابق لیبیا میں حالیہ احتجاجی تحریک کے دوران سابق حکومت کی جانب سے لوگوں کے قتل عام کے بعد سے سفیر کو واپس تہران بلالیا گیا تھا اور سفیر کی واپسی کا فیصلہ ایرانی وزیر خارجہ کے دوہفتے قبل طرابلس کیلئے اپنے نمائندے کو واپس بھجوانے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔