16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:8
پنجاب میں ڈینگی تا حال بے قابو،ہلاکتوں کی تعداد29ہوگئی
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کرگئی، لاہور میں ڈینگی کے ہاتھوں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 25جبکہ پنجاب میں 29تک جا پہنچی۔ لاہور میں ڈینگی وائرس کے مریضوں کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے ،سرکاری اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتیں ناکافی ہونیکی وجہ سے لوگوں کوشدیدپریشانی کاسامناہے اور انہیں مجبوراً نجی اسپتالوں کارخ کرنا پڑ رہا ہے جہاں ان سے بھاری رقوم وصول کی جاتی ہیں۔حکومتی احکامات کے باوجود اسپتالوں میں وارڈز اوربیڈزکی تعداد بدستور ناکافی اور محدود ہے اور کئی مریضوں کو علاج کے بغیر مایوس لوٹنا پڑتا ہے۔دوسری طرف حکومت کے مطابق ڈینگی بخار کی روک تھام کیلئے سپرے کاتیسرا راوٴنڈ جاری ہے،تاہم لوگوں کاکہناہے کہ متعدد علاقوں میں ابھی اسپرے ٹیمیں نہیں پہنچیں اور وہ علاقے بدستور اسپرے سے محروم ہیں،پنجاب حکومت کی دعوت پر لاہورآئی ہوئی سری لنکن طبی ماہرین کی ٹیم نے سروسز اسپتال کادورہ کیا اور ادویات ایم ایس کے حوالے کیں،سری لنکن ڈاکٹرز کاکہنا ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے سری لنکا میں باقاعدہ ایکٹ منظور کیا گیا ہے جبکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے انوائرنمنٹ پولیس بھی قائم کی گئی ہے ،انہوں نے بتایا کہ سری لنکا میں ڈینگی کے حوالے سے آگاہی مہم ساراسال جاری رہتی ہے۔