16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:47
ایشیا اور بحرالکاہل میں 5 سال سے کم عمر بچوں کی شرح اموات میں کمی
جنگ نیوز -
نیویارک…جنگ نیوز… ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے کے ممالک میں 1990ء کے بعد سے 5 سال سے کم عمر بچوں کی بیماریوں سے ہلاکت کی شرح میں 68 فیصد تک کمی آ چکی ہے۔ یونائیٹڈ نیشن چلڈرن فنڈ (یونیسف) نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ سال 1990ء میں ہلاکتوں کی تعداد 2.2 ملین تھی جو سال 2010ء میں کم ہو کر 6 لاکھ 94 ہزار ریکارڈ کی گئی۔ یونیسف اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مشترکہ طور پر جاری کردہ اعدادوشمار میں جو اندازہ ظاہر کیا گیا ہے وہ خاصا خوش آئند ہے۔ اس رپورٹ کو ”لیولز اینڈ ٹرینڈز ان چائلڈ مورٹیلیٹی 2011“ کا نام دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بچوں کی ہلاکتوں کی شرح میں کمی برسوں سے جاری ”قومی ویکسی نیشن پروگرام“ کا نتیجہ ہے۔ یونیسف کے ایڈوائزر بیسل روڈریکیوز نے اس ضمن میں کہا ہے کہ ان ممالک میں مختلف بیماریوں کی روک تھام کیلئے ویکسین پروگرام سے ڈرامائی طور پر گذشتہ 20 سالوں میں شرح اموات کم ہوئی جس سے 2 سے 5 سال کی عمر کے بچوں کی شرح اموات کا گراف بہت حد تک نیچے آ گیا ہے۔