16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:58
چیئرمین جسقم بشیر قریشی ساتھیوں سمیت عدالت میں پیش
جنگ نیوز -
کراچی…جئے سندھ قومی محاز کے چیئرمین بشیر قریشی اور انکے دو ساتھیوں کو پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا۔ اس موقع پولیس کی بھاری نفری موقعے پر موجود تھی۔ جسقم کے چیئرمین بشیرقریشی اور انکے دو ساتھی بدرالدین اور شیراز احمد کو پولیس نے ملیر کورٹ کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے عبدالقیوم صدیقی کی عدالت میں پیش کیا۔۔۔ اس موقع پر جئے سندھ قومی محاز کے کارکنان بڑی تعدادموجود تھے جنہوں نے بشیر قریشی پر پھول نچھاورکئے ۔ اس موقعے پر جسقم کے چیئرمین بشیرقریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں جان بوجھ کر ٹارگٹ کیا گیا ہے تاکہ دہشت گردوں کوتحفظ ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے گھر میں دو دفعہ تلاشی لی گئی بارہ سال کے بیٹے اور گھر والوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اسلحہ لائسنس یافتہ ہے میں سیلاب متاثرین کی ریلف کے لیے جارہا تھا کہ مجھے رینجرز نے پکڑ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیاقت آباد ، شیرپاوٴ کالونی اور دیگر علاقوں میں جا کے دیکھیں مسلح دہشت گرد مورچے بنا کر بیٹھیں ہیں لیکن ان کو کوئی نہیں پکڑتا۔ بشیرقریشی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی، بھتہ خوری، زمینوں پر قبضے کی کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوتی۔ بشیرقریشی کا کہنا تھا کہ ہم عدم تشدد کے قائل ہیں ہمارے ساتھی شہید کیے گئے ہمارے پاس کوئی غیر قانونی اسلحہ نہیں ہے۔