16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:10
مواچھ گوٹھ میں رینجرز کا آپریشن،درجنوں افراد زیر حراست،اسلحہ برآمد
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران درجنوں افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا۔ شہر میں کئی روز سے رینجرز نے مختلف علاقوں میں دہشت گردو اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کئے۔آج صبح سے رینجرز نے مواچھ گوٹھ کے علاقے میں بروہی محلہ ، شیخ محلہ ، بچھانی محلہ اور سپارکو روڈ پر رینجرز نے محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی۔ آپریشن کے دوران ناردرن بائی پاس سے متصل تمام گلیوں کی ناکا بندی کردی گئی ۔ رینجرز ذرائع کہ مطابق مواچھ گوٹھ کے مختلف علاقوں میں منشیات فروش گروہوں،جرائم پیشہ عناصر اور گینگ وار کے کارندوں کے ٹھکانے ہیں جن کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ رینجرز نے آپریشن کے دوران درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لئے گئے افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ،اپریشن کے دوران 40 سے زاہد رینجرز کی گاڑیوں میں سوار 200 اہلکار آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں ،جبکہ لیڈیز سرچر اور جرائم پیشہ افراد اور اسلحہ کی بازیابی کے لئے رینجرز اہلکاروں کے ساتھ مخبر بھی موجود ہیں جن کی نشاندہی پر ٹارگیٹڈ اپریشن کیا گیا ہے۔ اس دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور مناشئت بھی برآمد کی گئی ہے۔رینجرز ذرائع کے مطابق گرفتار افراد اور ان سے برآمد ہونے والے اسلحہ کے بارے میں میڈیا کوبریفنگ دی جائے گی۔