16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:17
حکومت سندھ پورے صوبے کو آفت زدہ قرار دے،جلال محمود شاہ
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ حالیہ بارشوں کے پیش نظر پورے صوبے کو آفت زدہ قرار دے۔ انہوں نے یہ بات حیدر منزل کراچی میں سندھ کی قوم پرست جماعتوں کے رہ نماوٴں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہی۔اجلاس میں جسقم کے چیئرمین بشیر قریشی کی گرفتاری اور بارشوں سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو میں جلال محمود شاہ نے کہا کہ ایل او بی ڈی کی وجہ سے نقصانات ہوئے ہیں، حکومت نکاسی آب کے لئے نیا منصوبہ بنائے۔ انھوں نے کہاکہ متاثرین بارش کو کراچی اور حیدر آباد منتقل کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے کے لئے بلا تفریق کاروائی کی جائے چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب یا قوم سے ہو۔ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے مختصر فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہے، کراچی میں لاقانونیت کی ذمے دار مخلوط حکومت اور اس کے اتحادی ہیں۔