16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:17
بشیر قریشی کی گرفتاری کیخلاف سندھ کے کئی شہروں میں جسقم کی ہڑتال
جنگ نیوز -
کراچی…جسقم کے چیئرمین بشیر خان قریشی کی گرفتاری کے خلاف سندھ کے کئی شہروں میں ہڑتال کی گئی۔بشیرقریشی کی گرفتاری کے خلاف جسقم کی جانب سے سندھ بھر میں تین روزہ ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔ حیدرآباد میں جمعے کو کھلنے والی دکانیں بھی بند رہیں اورٹریفک معمول سے کم رہا۔ قاسم آباد میں مشتعل افراد نے سڑکوں پر ٹائر جلاکر احتجاج کیا۔ ٹھٹھہ میں شٹرڈاوٴن رہا۔قومی شاہراہ سمیت دیگرسڑکوں پر ٹائر جلائے گئے۔بدین اور ٹنڈو باگو سمیت ضلع کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی شٹر ڈاوٴن رہا۔لاڑکانہ ،شہداد کوٹ،قمبر اور رتو ڈیرو میں کاروباربند رہا۔ سڑکوں پرٹریفک معمول سے کم اور اسکولوں میں طلبہ کی حاضری بھی نہ ہونے کے برابر تھی۔جامشورو میں سپر ہائی وے اور انڈس ہائی وے پر ٹریفک کم رہا۔ کارکنوں نے خدا کی بستی سے ریلی نکالی جبکہ کوٹری میں ریلوے ٹریک بلاک کردیا۔خیرپور شہر میں بھی مکمل ہڑتال رہی۔ جسقم کے سیکڑوں کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور لقمان ریلوے پھاٹک کے قریب ایک گھنٹے تک ٹریک پر دھرنا دیا۔سکھر شکار پور روڈ پر جسقم کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔نوشہرو فیروز ،ٹنڈو محمد خان، ہنگورجہ اورسانگھڑ کی تحصیل شہدادپور میں بھی ہڑتال کی گئی۔