16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:17
حکومتی یقین دہانی پر لیگل نوٹس واپس لے لئے،آئی پی پیز
جنگ نیوز -
اسلام آباد…حکومت کی طرف سے یقین د ہانی کے بعد 9 آئی پی پیز نے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر لیگل نوٹس واپس لے لیئے ہیں جبکہ ان نجی بجلی گھروں کو تیل کی خریداری کیلئے یومیہ ادائیگیاں بھی بحال کردی گئی ہیں۔وزارت پانی و بجلی کی طرف سے جاری اعلامیئے کے مطابق حکومت نے جن نو آئی پیز کو یومیہ بنیادوں پر تیل کی خریداری کیلئے ادائیگیوں کا عمل روکا تھا وہ فوری بحال ہو گیا ہے۔ آئی پی پیز ایڈوائزری کونسل کے چیئرمین عبداللہ یوسف نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ حکومت 29ستمبر تک ان نو آئی پی پیز کو 8.5 ارب روپے کی ادائیگی کریگی، انہوں نے مزید بتایا کہ ان نو آئی پی پیز کے مجموعی طور پر حکومت کی طرف 45ارب روپے کے بقایاجات ہو چکے ہیں جو 14اکتوبر تک ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ، عبداللہ یوسف کا کہنا تھاکہ تمام آئی پیز کے 210ارب روپے کے مجموعی بقایاجات میں سے 130ارب روپے کیپکو اورحبکو کے ہیں جب کہ ان دونوں کمپنیوں نے پی ایس او کو 120ارب کی ادائیگیاں کرنی ہیں۔