16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:17
حکمرانوں نے امریکا کی خاطر پاکستان تباہ کر دیا، وہ پھر بھی خوش نہیں، نثار
جنگ نیوز -
اسلام آباد… قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے امریکا کی خاطر پاکستان تباہ کر دیا لیکن امریکی پھر بھی خوش نہیں ہوئے، امریکی اونٹ کو حکمرانوں نے پاکستان کے خیمے میں داخل کیا اور وہ اب خیمے کا مالک بن گیا ہے۔ اپنے چیمبر میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئیچودھری نثار نے کہا کہ امریکی وزیر دفاع کے حالیہ الزامات قابل مذمت ہیں لیکن ایسی صورتحال کے قصور وار امریکیوں سے زیادہ مشرف سے زرداری تک ہمارے حکمران ہیں جنہوں نے پاکستان کو امریکا کی طفیلی ریاست بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے از خود نوٹس کیس میں پاکستانی عوام خاص طور پر کراچی کے لوگوں کی ترجمانی کی ہے، سندھ کے لوگ ڈوب رہے ہیں، لیکن صدر برطانیہ چلے گئے اور وزیر اعظم ایران، ایسا تماشہ تو دنیا میں کہیں نہیں ہوتا،اگر یہی کرنا تھا تو صدر کو ایک گلی کے پانی میں چل پھر کر میڈیا پر تماشا کرنے کی کیا ضرورت تھی۔انہوں نے کہا کہ پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کا اجلاس بلانے کی حکومتی ریکوزیشن نہیں ملی، تاہم چھ آڈٹ رپورٹس تیار ہو رہی ہیں جن میں اہم حکومتی شخصیات کے آڈٹ پیراز سامنے آ رہے ہیں اور اس کے بعد پی اے سی کا اجلاس وہ خود بلائیں گے۔