16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:21
پہلا ٹی20میچ:پاکستان نے زمبابوے کو 85رنز سے ہرادیا
جنگ نیوز -
ہرارے …پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی 20میچ میں 85رنز سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی،میچ میں شاندار کارکردگی پر پاکستان کے محمد حفیظ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس سے زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر گرین شرٹس نے اپنے مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں پر 198رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تھا، اور زمبابوے کو میچ میں فتح کے لیے 199رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم زمبابوے کی نسبتاً کمزور سائیڈ کے لیے یہ ہدف ویسے ہی مشکل نظر آرہا تھا، اور توقع کے مطابق جیسے ہی میزبان ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا اسکی وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں،پوری ٹیم 15.2اوورز میں113پر ڈھیر ہوگئی۔سوائے چھاموچھبابا 28اور کوئنٹری 30کے کوئی بیٹسمین جم کر پاکستان کی نپی تلی بولنگ کا سامنا نہ کرسکا۔پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے چار وکٹیں جبکہ سہیل خان نے دو ،سہیل تنویر ، اعزاز چیمہ اور سعید اجمل نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔واضح رہے کہ پاکستان نے آج کے میچ میں رمیز راجہ جونیئر، یاسر شاہ اور اعزاز چیمہ کو ٹی ٹوئنٹی کیپ دیا۔