16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:21
پہلا ٹی 20:حفیظ کی عمدہ بیٹنگ ، پاکستان کا زمبابوے کو 199رنز کاہدف
جنگ نیوز -
ہرارے… ہرارے میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ جاری ہے۔ محمد حفیظ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت گرین شرٹس نے زمبابوینز کو جیت کیلئے مقررہ 20اوور ز میں 199رنز کا ہدف دیا ہے۔زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا، جوکہ اچھا ثابت نہیں ہوا۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور اسد شفیق نے 74رنز اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا۔ ساتویں اوور میں اسد شفیق کوونٹری اور ٹائبو کے گٹھ جوڑ سے رن آؤٹ ہوگئے ۔ انہوں نے 23گیندوں پر چھہ چوکوں اور ایک چھکے کے مدد سے 38رنز بنائے۔ ان کے بعد رمیز راجہ جونیئر حفیظ کا ساتھ دینے آئے ۔ دونوں نے مل کر اسکور کو 15اوور میں 147رنز تک پہنچادیا جہاں محمد حفیظ شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ انہوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 48گیندوں پر 71رنز جوڑے ، ان کی اننگز چھہ چوکوں اور تین چھکوں سے مزین تھی۔ ان کے بعد رمیز راجہ 23اور شعیب ملک سات رنز بناکر پویلین لوٹے۔ عمر اکمل11گیندوں پرچار چوکوں کی مدد سے 22اور سہیل تنویرپانچ گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 17رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ زمبابوے کی جانب سے کیل جروس ، رے پرائس اور چبھابھا ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔