تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:43

ڈینگی مچھر بے قابو: لاہور میں مزید دو مریض جان کی بازی ہار گئے

جنگ نیوز -


لاہور…لاہور میں ڈینگی وائرس کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ آج مزید چھ سو سات افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی جبکہ دو مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔اس موذی مرض سے پنجاب میں اب تک 30 اموات ہوچکی ہیں جن میں 26صرف لاہور میں ہوئیں ۔ ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ پرائمری ہیلتھ یونٹس کو فعال نہ بنایا گیا تو رش کے باعث اسپتالوں کا نظام دربرہم ہوجائے گا۔ لاہور میں ڈینگی وائرس کے حملے جاری ہیں، اب تک یہ مچھر پانچ ہزار تین سو چودہ افراد کو بیمار کر چکا ہے۔ اسپتالوں میں رش کے باعث مریضوں کو داخلہ نہیں ملتا۔ اسپتالوں کی ایمرجنسی سمیت تمام وارڈز دن رات بھرے رہتے ہیں۔ مریضوں کو شکایت ہے کہ کئی دن بعد بھی ان کی طبیعت بہتر نہیں ہوئی، ڈاکٹر بلڈ ٹیسٹ کرتے ہیں اور دوا دے کر گھر بھیج دیتے ہیں۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں روزانہ آنے والے مریضوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ اسپتالوں میں گنجائش سے زیادہ مریضوں کا علاج مشکل ہوتا جا رہا ہے۔حکومت نے نجی لیبارٹریز اور اسپتالوں ہدایت کی ہے کہ وہ ڈینگی کے مریضوں سے علاج کے نام پر بھاری فیسیں وصول نہ کریں اسپتالوں میں جہاں ڈینگی مریضوں کے لیے طبی سہولتیں ناکا فی ہیں وہیں دیگر امراض میں مبتلا افراد پر توجہ دینا بھی مشکل ہوگیا اس صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو آنے والے دنوں اسپتالوں میں علاج معالجے کے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.