16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:17
مشرف کے دفاع کیلئے اہلیہ کا نسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع
جنگ نیوز -
لاہور...بے نظیر بھٹو قتل کیس کے اشتہاری ملزم سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی اہلیہ بیگم صہبا مشرف نے اپنے شوہر کے دفاع کیلئے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ راول پنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بے نظیر قتل کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جائیداد ضبط اور بنک اکاوٴنٹس منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ بیگم صہبا مشرف کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی پٹیشن میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مشرف کی جائیداد ضبط اور اکاوٴنٹس منجمد کرنے کا حکم واپس لیا جائے۔بیگم صہبا مشرف کے مطابق اسلام آباد کے چک شہزاد میں زرعی فارم ہاوٴس مشرف انہیں تحفے میں دے چکے ہیں جبکہ ان کے بنک اکاوٴنٹس بھی مشترکا ہیں جنہیں عدالت منجمد کرنے کے احکامات نہیں دے سکتی۔ پٹیشن کے مطابق نواز شریف، مشرف کے سیاسی حریف ہیں اور وفاقی ایجنسیوں پر کنٹرول رکھتے ہیں۔ پرویز مشرف کو بے نظیر بھٹو کے قتل میں ملوث کرنے کیلئے شواہد موجود نہیں۔ مشرف کو بے نظیر بھٹو کے قتل میں ملوث کرکے سیاسی حریف قومی سیاست میں ان کا راستہ روکنا چاہتے ہیں۔