17 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:55
ہم سے ہیلی کاپٹر لے کر ہمارے ہی خلاف باتیں کی جاتی ہیں،وزیر اعظم
جنگ نیوز -
مظفر گڑھ… وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم سے ہیلی کاپٹر مانگ کر آنے والے یہاں آ کر ہمارے گلے کرتے ہیں وہ یہاں جتنے بھی چکر لگا لیں کامیاب نہیں ہو سکتے مظفر گڑھ دوسرا لاڑکانہ ہے یہ بات انہوں نے مظفر گڑھ میں سیلاب متاثرین کے لئے نیو سٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسہ سے خطاب کے دوران کہی ان کا کہنا تھا کہ یہاں جو سرائیکی صوبہ نہیں بنائے گا وہ کامیاب نہیں ہو سکتا ہے ہم آپ کی احساس محرومی ختم کرنے کے لئے سرائیکی صوبہ دیں گے ، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہمیں ہمارے وسائل ملنے چاہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان اور مظفر گڑھ کے درمیان شاندار موٹر وے بنایا جائے گا وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی عوام مل کر سندھ کے سیلاب متاثرین کی مدد کریں پاکستانی قوم مضبوط ہیں اور مجھے ان پر فخر ہے جو مہنگائی ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ ، سیلاب اور دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں کوئی حکومت یہ نہیں چاہتی کہ ان کی عوام کو مسائل کا سامنا ہو ہم بھی اپنی عوام کو سہولیات دینے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے خواب ، اور منشور پر ہم عمل نہیں کریں گے تو کون کرے گا انہوں نے کہا کہ ہم ترک حکومت کے شکر گزار ہیں جن کے تعاون سے مظفر گڑھ ، جام پور ، فاضل پور ، شکار پور اور ڈیرہ اللہ یار میں 4 ہزار 6 سو 20 مکانات تعمیر کئے جا رہے ہیں جن کا آج میں نے مظفر گڑھ میں سنگ بنیاد رکھا ہے ۔