17 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:6
مشرف ،طالبان کو دفاع کی پہلی صف قرار دیتا تھا،نواز شریف/وکی لیکس
جنگ نیوز -
کراچی… وکی لیکس سے انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔ نواز شریف نے دو ہزار آٹھ میں دعویٰ کیا تھا کہ پرویز مشرف نے طالبان کو پاکستان کے دفاع کی پہلی صف قرار دیتے ہوئے ان کی مخالفت کرنے سے انکار کردیا تھا۔ ستائیس مارچ دو ہزار آٹھ کو امریکی سفیر این پیٹرسن نے واشنگٹن مراسلہ بھیجا جس میں ڈپٹی سیکریٹری جان نیگروپونٹے اور ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کے درمیان دو روز پہلے ہونیوالی ملاقات کی تفصیل بیان کی گئی۔ مراسلے کے مطابق ملاقات کے دوران نواز شریف نے مسلسل پرویز مشرف کے بارے میں شکایتیں کرتے رہے۔ نواز شریف نے بتایا کہ بطور وزیر اعظم ، انہوں نے اْس وقت کے آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کو آگاہ کیا تھا کہ آئی ایس آئی طالبان کو سپورٹ کررہی ہے لیکن پرویزمشرف نے طالبان کو پاکستان کے دفاع میں فرنٹ لائن قرار دیکر ان کی مخالفت کا خطرہ مول لینیسے انکار کردیا تھا۔ مراسلے کے مطابق میاں صاحب کی شکایتوں سے قطع نظر ، امریکی ڈپٹی سیکریٹری جان نیگروپونٹے نے پرویز مشرف کا دفاع کیا اور واضح کیا کہ وہ آئی ایس آئی کی تاریخ سے واقف ہیں۔ اب حالات بدل گئے ہیں اور آئی ایس آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔