17 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:33
لاہور:ڈینگی سے متاثرہ مزید4مریض جاں بحق،کل ہلاکتیں32ہو گئیں
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور میں ڈینگی مچھر کے حملے میں چار اور جانیں زندگی کی بازی ہار گئیں۔ یہ موذی مرض اب تک شہر میں 32 لوگوں کو ہلاک کر چکا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام پرائیویٹ لیبارٹریز میں بلڈ ٹیسٹ کی فیس نوے روپے مقرر کر دی۔لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی وائرس کے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ آج فوجی فاوٴنڈیشن میں زیر علاج ستر سالہ خاتون میمونہ خواجہ اور سروسز اسپتال میں اٹھاون سالہ محبوب ڈینگی وائرس سے دم توڑ گئے۔ رش کے باعث مریضوں کو اسپتالوں میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے، مریضوں کو شکایت ہے کہ حکومتی ہدایت کے باوجود اسپتالوں میں ڈینگی کے علاج کی سہولتیں محدود ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نجی لیبارٹریز کو خبردار کیا ہے کہ وہ خون ٹیسٹ کے لئے نوے روپے سے زیادہ فیس نہ لیں زیادہ پیسے لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ ادھر سری لنکن ماہرین نے لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ جناح اسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بریفنگ دی۔ سری لنکن ماہرین نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بار بار خون ٹیسٹ نہ کرائیں۔ ڈینگی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ بس شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے جو ہو سکے وہ کریں۔