17 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:17
ججز کی کمی کا مسئلہ ایک آدھ مہینے میں حل ہو جائیگا، جسٹس مشیر عالم
جنگ نیوز -
کراچی…چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ میں چالیس کے بجائے 16 ججز سے کام چلایا جارہا ہے، ججز رات نو، نو بجے تک عدالت میں بیٹھتے ہیں لیکن ججز کی کمی کا مسئلہ ایک آدھ مہینے میں حل ہو جائے گا۔جسٹس مشیر عالم نے کارپوریٹ اینڈ بینکنگ بار روم کی افتتاحی تقریب اور بعد میں میڈیا سے گفتگومیں بتایاکہ سندھ ہائی کورٹ کے مستقل ہونے والے چارججز پیرکواپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیں گے۔چیف جسٹس نے کہاکہ اہل وکلاء جج بننا نہیں چاہتے اورعام وکلاء اپنی اہلیت بڑھانے پرزورنہیں دیتے جس کی وجہ سے ججز کا انتخاب مشکل ہوجاتا ہے۔جسٹس مشیر عالم نے کہا وکلاء اورعوام کی سہولت کے لیے بینکنگ اور دیگر خصوصی عدالتوں کوایک جگہ جمع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ حالات بہتر ہوچکے ہیں اور اب حکومت چاہے بھی تو ججز کی تعیناتی میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی۔