17 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:17
این آئی سی ایل اسکینڈل،ضمنی چالان میں نئے گواہ شامل
جنگ نیوز -
لاہور…ایف آئی اے نے این آئی سی ایل اسکینڈل میں ضمنی چالان عدالت میں جمع کرا دیا۔ جس میں ظفر قریشی اور تین جوڈیشل مجسٹریٹوں سمیت آٹھ نئے گواہوں کو شامل کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے عدالت سے مزید پندرہ روز کی مہلت بھی مانگی ہے۔این آئی سی ایل اراضی خریداری اسکینڈل میں ملوث مسلم لیگ ق کے رکن پنجاب اسمبلی مونس الٰہی سمیت چار ملزمان کو آج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ایف آئی اے نے چالان میں مونس الٰہی کو گناہ گار قرار دیا ہے۔ چالان میں آٹھ منحرف گواہوں کی جگہ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے ظفر قریشی سمیت تین جوڈیشل مجسٹریٹوں کو بھی نئے گواہان میں شامل کیا گیا ہے۔ مونس الٰہی نے ایف آئی اے کی جانب سے پندرہ روز کی مہلت مانگنے پر اعتراض کیا۔ انہوں نے استدعا کی کہ ظفر قریشی کو پیر کے روز عدالت طلب کیا جائے اور ایک ہی بار پوچھ لیا جائے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ عدالت نے سماعت چھبیس ستمبر تک ملتوی کر دی۔