17 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:17
سندھ:بشیرقریشی کی گرفتاری کے خلاف دوسرے روز بھی احتجاج
جنگ نیوز -
حیدرآباد…جسقم کے چیئرمین بشیرخان قریشی کی گرفتاری کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی کارکنوں کے مظاہرے اور شاہراہوں پراحتجاجی دھرنے جاری ہیں۔جسقم کے کارکنوں کی جانب سے اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر مظاہروں اوردھرنوں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ بشیر خان قریشی کی گرفتاری کے خلاف حیدرآبادمیں کارکنوں نے بائی پاس پر دھرنا دیا اس موقع پرموجودپولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے مظاہرین پر لاٹھی چارج، ہوائی فائرنگ کی،اس دوران مظاہرین کا گاڑیوں پر پتھراوٴ، متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔دادو میں جسقم کے چیئرمین کی گرفتاری کے خلاف کارکنوں نے پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ میہڑمیں ٹاور چوک پر کارکنوں نے دھرنا دے کرانڈس ہائی وے بلاک کردی۔ٹھٹھہ میں بھی کارکنوں نے قومی شاہراہ پر دھرنا اورپریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا،ٹنڈومحمد خان میں بشیر قریشی کی گرفتاری کے خلاف کارکنوں کے ایوبیہ چوک پر احتجاجی دھرنے کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوگیا،نواب شاہ میں جسقم کے کارکنوں نے سدرن بائی پاس پر دھرنا دیا،خیرپورمیں جسقم کے چیئرمین بشیر قریشی کی رہائی کے لئے مرکزی وائس چیئرمین ڈاکٹر نیاز کالانی کی زیر قیادت کارکنوں نے گمبٹ میں قومی شاہراہ پر دھرنا دیا جس کے باعث پنجاب اور کراچی جانے والا ٹریفک متاثرہوا ،لاڑکانہ میں لب مہران چوک اور رتو ڈیرو میں موٹر وے جنکشن پر جسقم کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑکوں پر ٹائر جلائے۔