17 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:17
بھارت اگر شورش جاری رکھنا چاہتا ہے تو پاکستان آپشنز پر غور کریگا، وکی لیکس
جنگ نیوز -
کراچی…بھارت بلوچستان میں شورش پھیلانے سے باز نہ آیا تو پاکستان آپشنز پر غور کرے گا ، پرویز مشرف /وکی لیکس وکی لیکس سے انکشاف ہوا ہے کہ دو ہزار سات میں سابق صدر پرویز مشرف نے امریکا پر واضح کردیا تھا کہ اگر بھارت نے بلوچستان میں شورش پھیلانے کا سلسلہ نہ روکا تو پھر نئی دہلی سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد آپشنز پر غور کریگا۔ اکیس ستمبر دو ہزار سات کو امریکی سفیر این پیٹرسن نے مراسلہ بھیجا جس میں اس وقت کے صدر پرویز مشرف کی ڈپٹی سیکریٹری جان نیگروپونٹے اور جنوبی ایشیاء کیلئے نائب امریکی وزیر خارجہ رچرڈ باوٴچر کیساتھ تیرہ ستمبر کو ہونیوالی ملاقات کی تفصیل بیان کی گئی۔ مراسلے کے مطابق صدر مشرف نے بتایا کہ بھارت سمیت افغانستان جان بوجھ کر بلوچستان میں عدم استحکام پھیلا رہے ہیں جہاں بلوچ شدت پسندوں کو اسلحہ فراہم کیا جارہا ہے اور بات کے ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں۔ پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ افغان صدر نے مسئلے کے حل کیلئے اْن سے کچھ وقت مانگا تھا لیکن ابھی تک کچھ نہیں ہوا۔ جنرل مشرف نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر بھارت بلوچستان میں شورش پھیلانے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتا ہے تو پھر پاکستان بھی اسے روکنے کیلئے اپنے آپشنز پر غور کرے گا۔