17 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:17
بینظیر بھٹو کو الیکشن کمیشن کی قابلیت پر بھروسہ نہیں تھا ، وکی لیکس
جنگ نیوز -
کراچی…وکی لیکس سے انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔ دو ہزار سات میں ، بے نظیر بھٹو نے کہا تھا کہ اْنھیں انتخابات کے دوران دھاندلیوں پر قابو پانے کیلئے الیکشن کمیشن کی قابلیت پر بھروسہ نہیں۔ خفیہ مراسلہ یکم دسمبر دو ہزار سات کو امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن نے بھیجا جس میں ایک روز قبل اسلام آباد میں بینظیر بھٹو کی رہائش گاہ پر امریکی سفیر اور کانگریس کے وفد سے ملاقات کا ذکر کیا گیا۔ مراسلے کے مطابق بینظیر بھٹو نے انتخابات میں دھاندلی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انھیں الیکشن کمیشن کی قابلیت پر بھروسہ نہیں۔ مراسلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور پرویز مشرف کے درمیان شدت پسندی اور اعتدال پسندی کے معاملے پر اتفاق رائے جبکہ آمریت اور جمہوریت کے معاملے پر اتفاق نہیں تھا۔ بینظیر بھٹو کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے ان کے کئی مطالبات ماننے سے انکار کردیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پرویز مشرف انھیں آگے چل کر ناکام کرنا چاہتے تھے۔ بینظیر بھٹو نے دو ہزار سات میں ایمرجنسی کے دوران ، جیو ٹی وی کی نشریات کی مسلسل بندش پر بھی تشویش ظاہر کی۔