17 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:22
ڈینگی؛ اسلام آباد میں صورتحال کنٹرول میں ہے،چیئرمین سی ڈی اے
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . چیئرمین سی ڈی اے امتیاز عنایت الہٰی نے کہا ہے کہ ڈینگی کے حوالے سے اسلام آباد میں صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ڈینگی کے خلاف اسپرے اور دیگر موثر حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ سی ڈی اے اسپتال میں ڈینگی مریضوں کے لیے چھ بستروں پر مشتمل دو کمرے مختص کیے گئے ہیں جہاں اب تک نو مریضوں کو داخل کیا گیا ہے، مارچ میں احتیاطی تدابیر کے باعث اسلام آباد میں ڈینگی کے مرض نے شدت اختیار نہیں کی۔ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے کے شعبہ صحت کو اسپرے مشینوں اور کیمیکل سمیت تمام ضروری وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔اسلام آباد کی کچی آبادیوں گرین بیلٹس اور نالوں سمیت تمام مقامات پر اسپرے کرایا گیا ہے اور پانچ ہاٹ لائنز قائم کی گئی ہیں جن پر اب تک ایک ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں۔اسلام آباد کوتین ریجن اور 20زونز میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں 30ٹیمیں کام کررہی ہیں۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سی ڈی اے ڈاکٹرحسن عروج نے بتایا کہ ادارے کے پاس ڈینگی کے حوالے سے اسپرے کے لیے 20لاکھ روپے کے کیمیکل تھے ، 50لاکھ روپے مالیت کے مزید کیمیکل منگوائے جارہے ہیں۔