17 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:32
جسقم کے چےئرمین بشیر قریشی ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے رہا
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . جئے سندھ قومی محاذ کے چےئرمین بشیر قریشی اور ان کے ساتھی بدرالدین کی مقامی عدالت کی جانب سے ضمانت منظورکئے جانے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے رہا کر دیا گیاہے، ملیر جیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے اور میرے ساتھی کو بے گناہ گرفتار کیا گیا تھا جبکہ میرا لائسنس والا اسلحہ بھی ضبط کر لیا ہے ،ہمیں ہمارے ہتھیار واپس کئے جائیں تاکہ ہم اپنی جانوں کی حفاظت کر سکیں اور ہتھیاروں کی واپسی کے دوران کچھ ہوا تو پیپلز پارٹی کی حکومت،رحمان ملک ،رینجرز اور انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز تعصب کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ہمیں مارنے کے لئے ہم سے ہمارے ہتھیار چھینے جارہے ہیں۔ ہمیں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن پر اعتراض نہیں ہے۔جئے سندھ قومی محاذ کے چےئرمین بشیر قریشی کی رہائی کے موقع پر ہزاروں کارکنان بھی موجود تھے۔