تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
17 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:32

سنکیانگ حملے کے ملزمان نے پاکستان میں تربیت حاصل نہیں کی ،چین

جنگ نیوز -
کراچی . . .رفیق مانگٹ. . . چین کے شورش زدہ علاقے سنکیانگ کے مقامی حکام نے اس بات کی تردید کردی ہے کہ شہریوں پر حملے میں ملوث افراد نے پاکستان میں تربیت حاصل کی تھی،امریکی اخبار’ وال اسٹریٹ جرنل‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے سنکیانگ اوغر کی خاتون ترجمانHou Hanmin کا کہنا ہے کہ انہیں ایسے کوئی ثبوت نہیں ملے جس سے پتہ چلے کہ ان کارروائیوں میں ملوث دہشت گردوں نے پاکستان یا کسی اور ملک سے تربیت حاصل کی تھی۔ دہشت گرد مقامی تھے اور جو اسلحہ انہوں نے استعمال کیا وہ مقامی ساختہ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی یقین نہیں کہ ان حملوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہو۔ اخبار کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان خاتون نے اس بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا لیکن بیجنگ اس بات پر قائم ہے کہ سنکیانگ کی شورش میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہے ،ان کا کہناتھا کہ حالیہ برسوں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں ملکی اور غیر ملکی ہاتھ ملوث ہے۔اس سے قبل کاشغر کی شہری حکومت نے ابتدائی تفتیش کے بعد کہا تھا کہ دہشت گردوں نے دہشت گرد تنظیم’ ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ ‘ یا ای ایم ٹی آئی ایم کے پاکستان میں قائم کیمپوں میں دھماکا خیز مود اور آتشی اسلحہ کی تیاری کی تربیت حاصل کی اور اس کے بعد سنکیانگ میں منظم کارروائیاں کرنے کے لیے داخل ہوئے اور درجنوں افراد کو ہلاک کیا،سنکیانگ حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا تھا جبکہ چینی حکام کے مطابق اس گروپ کے القاعدہ سے تعلقات ہیں۔ پاکستان نے کہا تھا کہ دہشت گردی کے تمام واقعات قابلِ مذمت ہیں اور پاکستان چین کی مکمل حمایت کرتاہے۔ چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق عسکریت پسندوں نے ریستوران کو آگ لگا دی اور اس کے بعد6 افراد کوہلاک کردیا جبکہ 15افراد زخمی ہوئے ۔ سنکیانگ میں مسلم آبادی اقلیت میں ہے اور یہاں پر شدید نسلی فسادات بھی ہو چکے ہیں۔سنکیانگ میں گزشتہ برس بھی مسلمان اوغر آبادی اور چینی ہان آبادی میں نسلی فسادات پھوٹ پڑے تھے۔ جن میں دو سو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.