18 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 3:55
کراچی :گزشتہ سال بھیجا گیا امدادی سامان برآمد،پانچ افراد گرفتار
جنگ نیوز -
کراچی :گزشتہ سال بھیجا گیا امدادی سامان برآمد،پانچ افراد گرفتار
کراچی…سیلاب زدگان کی امداد کے لیے گزشتہ سال بیرون ملک سے بھیجا گیا امدادی سامان کراچی کے ایک کالج سے برآمد کرکے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے ڈائریکٹر جنرل صالح فاروقی نے کہاہے کہ امدادی سامان متعلقہ اہلکار دوسرے سرکاری گودام میں لے جا رہے تھے۔ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے بیرون ملک سے آنے والا سامان کراچی میں ملیرکے علاقے جامعہ ملیہ کے قریب سرکاری کالج میں قائم انسٹی ٹیوٹ میں رکھا گیا تھا۔ کروڑوں روپے مالیت کے امدادی سامان کی غیر قانونی منتقلی کے انکشاف پر جیو نیوز کی ٹیم موقع پر پہنچی تو حقائق زیادہ کھل کر سامنے آگئے۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ اس جگہ گزشتہ سال سیلاب متاثرین کے لئے بڑی تعداد میں امدادی سامان لایا گیا جو وقتاً فوقتاً مختلف گاڑیوں کے ذریعے رات کی تاریکی میں لے جایا جاتا رہا۔ اس سامان میں کمبل،ٹینٹ، جنریٹر اور اشیاء خور و نوش شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق 90 فیصد سامان غائب کیا جا چکا ہے۔ علاقہ مکین یہاں پر رات میں گاڑیاں آتی تھی اور لوگ سامان اٹھا کر لے جاتے تھے۔ اس صورتحال پر پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل صالح فاروقی نے جیو نیوز کو بتایا کہ ان کا ایک ملازم یہ سامان سرکاری گودام سے نئے گودام میں منتقل کر رہا تھا اور سامان سے کوئی چوری نہیں کی جا رہی تھی۔ ایک گودام سے دوسرے گودام سامان منتقل کیا جا رہا تھا۔علاقہ پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی سامان کی چوری کے واقعات کے ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے۔