تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
18 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:18

سندھ:بارش اورسیلاب سے ضلع عمرکوٹ بری طرح متاثر

جنگ نیوز -
کراچی…سندھ میں حالیہ بارشوں اور سیلاب نے جہاں کئی اضلاع میں تباہی مچائی وہیں عمر کوٹ ضلع بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب نے ضلع عمرکوٹ میں بھی کافی تباہی مچائی ہے۔سیکڑوں دیہات صفحہء ہستی سے مٹ گئے ، ہزاروں مویشی ہلاک اور لاکھوں خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔ ضلع کی دو تحصیلیں سامارو اور کنری زیادہ متاثرہوئی ہیں۔ سامارو کو دیگر شہروں سے ملانے والی شاہراہ کئی فٹ پانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔ عدالتوں اور اسپتال سمیت سرکاری عمارتیں کئی کئی فٹ پانی میں ڈوبی ہونے کی وجہ سے بند ہیں۔ کھانے پینے کے سامان کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور شہر میں ویرانی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ لوگ اس مشکل وقت میں اپنے منتخب نمائندوں کی دہائی دیتے نظر آتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ووٹ لیتے وقت سب آتے ہیں۔ اب یہاں عوام ڈوب رہی ہے کسیکو خیال نہیں۔گندا پانی پی کر ہمارے بچے بیمار ہورہے ہیں ، گھر ہمارے گر گئے ہیں۔تحصیل سامارو سارا ڈوب گیا ہے ایسی حالت ہے کہ کھانے پینے کو کچھ نہیں مل رہا۔ پانی جو مل رہا ہے اس سے الٹی اور کالرا کی بیماری چل رہی ہے۔ضلع عمرکوٹ کی ڈھائی لاکھ سے زیادہ آبادی والی تحصیل کنری بھی بارش کے پانی میں گھری ہوئی ہے۔ لوگوں نے ریت کے ٹیلوں پر پناہ لے رکھی اور یہ ویران علاقہ اب متاثرین کی خیمہ بستی بن چکا ہے۔ حکومتی امداد تو دور کی بات پینے کے پانی تک سے محروم ان مایوس و لاچار لوگوں کے ضبط کا بندھن ٹوٹنے لگا ہے۔کنری مرچ کی کاشت کا سب سے اہم علاقہ ہے۔ مرچ کی فصل تباہ ہونے سے روزانہ کروڑوں روپے کا کاروبار کرنے والی مرچ منڈی میں بھی خاموشی اور افسردگی کا راج ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.