18 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 12:45
پنجاب میں ڈینگی بخار کا تیزی سے پھیلاؤجاری
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈینگی بخار کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے اور سرکاری و نجی اسپتالوں میں روزانہ بڑی تعداد میں مریض لائے جارہے ہیں۔سرکاری اعداد وشمار کے مطابق صرف فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال اور سول اسپتال میں ڈینگی کے 28 مریضوں کو داخل کیا گیا ہے۔ الائیڈ اسپتال اور سول اسپتال میں ڈینگی کے 74 مریض زیر علاج ہیں جبکہ 8 اگست سے اب تک 362 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ملتان کے نشتر اسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی بخار میں مبتلا 7 مریضوں کو داخل کیا گیا ہے۔ نشتر اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ڈینگی کے مخصوص وارڈ میں زیر علاج 23 میں سے 17 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 6 مریضوں کی رپورٹس کا انتظار ہے۔ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔سرگودھا میں ڈینگی وائر س میں مبتلا مر یضو ں کی تعد اد بڑھ کر 92 ہو گئی ہے،ڈی ایچ کیو اسپتال سرگودھا میں ڈینگی وائرس کے شکار 78 جبکہ سول اسپتال میں 14 افراد زیر علاج ہیں،ڈیرہ غازیخان میں 2 مزید مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعدوائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد43 ہوگئی۔وہاڑی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 19 ہے،بہاول نگر میں 5،چیچہ وطنی میں مزید دومریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے ۔رحیم یارخان میں ڈینگی وائرس سے بچاوٴ کے لئے آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور مقامی اسکول کے طلبہ و طالبات نے شہر میں کیمپ لگا کر پمفلٹ تقسیم کئے۔سول اسپتال حیدرآباد میں داخل تینتیس میں سے تین افراد میں ڈینگی وائرس موجود ہونی کی تصدیق کی گئی ہے۔