18 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 12:45
سیلاب زدہ علاقوں میں فوج سے مدد لے سکتے ہیں ، وزیر اعظم
جنگ نیوز -
میرپورخاص…وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے حکومت کو اندازہ نہیں تھا کہ بارشوں سے اتنی تباہی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔وہ میر پور خاص میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقات اور امدادی کیمپ کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ضلع میر پور خاص میں سب سے بڑا مسئلہ پانی میں پھنسے لوگوں کی محفوظ جگہ پر منتقلی کا تھا جو مکمل کر لیا گیا ہے، اب لوگوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کی تمام ضروریات پوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جہاں بھی ضرورت ہو گی وہاں فوج سے مدد لی جائے گی،وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے میر پور خاص کے شہرنوکوٹ میں متاثرین کے لیے قائم میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ قدرت کی طرف سے عذاب ہے۔متاثرین کی ہر ممکن امداد کریں گے۔عالمی برادری اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے ہماری مدد کرے۔اس موقع پر وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بارش اور سیلابی پانی نکالنے کے فوری اقدامات کیے جائیں۔ جن علاقوں میں بجلی معطل ہے،فوری بجلی بحال کی جائے۔