18 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 12:45
ماہرین صحت نے آنکھوں کے گرد زرد حلقوں کو امراض قلب کی علامت قرار دیدیا
جنگ نیوز -
واشنگٹن …جنگ نیوز… ماہرین صحت نے آنکھوں کے گرد زرد حلقوں کو امراض قلب کی علامت قرار دیا ہے۔ حالیہ طبی تحقیق کے مطابق آنکھوں کے گرد زردی مائل حلقے دل کے امراض کی نشاندہی کرتے ہیں۔ 13ہزار افراد پر کی جانے والی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جن لوگوں کی آنکھوں کے اردگرد جلد کا رنگ زردی مائل یعنی پیلے رنگ کے حلقے بن جاتے ہیں ان میں دس سال کے اندر دل کا دورہ یا مرنے کا خطرہ موجود ہوتا ہے۔ یہ دھبے جلدی بیماری نہیں بلکہ دل کے امراض کی علامات میں سے ایک ہیں۔ ماہرین کے مطابق آنکھوں کے نچلے کناروں پر ظاہر ہونے والے زرد رنگ پر نشانات دراصل کولیسٹرول کی وجہ سے بڑھتے ہیں جن میں کوئی درد نہیں ہوتا۔ ان دھبوں سے بصارت پر بھی کوئی فرق نہیں پڑتا اور لوگ ان کے علاج کے لئے ماہرین جلد سے رابط کرتے ہیں۔ ماہرین نے کہا کہ ان زرد دھبوں یا حلقوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ 70 سے 78 سال کے مردوں میں ہارٹ اٹیک کا مرض عام ہے اور ان میں 12 فیصد وہ ہیں جن میں ان دھبوں کے علاوہ کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں جبکہ عورتوں میں یہ شرح 38 فیصد ہے۔