تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
18 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:18

لاہور میں ڈینگی وائرس سے مزید چار افراد دم توڑ گئے

جنگ نیوز -


لاہور…لاہور میں ڈینگی وائرس سے مزید چار افراد دم توڑ گئے۔ اس موذی مرض سے اب تک بیالیس افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈینگی مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج کیلئے ایک ہزار نرسیں بھرتی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ لاہور میں آج ڈینگی کے باعث ہونیوالی اموات میں خاتون خالدہ بی بی ، 70سالہ روشن ،مون عثمان اور بشیر مسیح شامل ہیں۔اسپتالوں میں ڈینگی کے اضافی کاوٴنٹر قائم کرنے پر بھی رش کم نہیں ہو رہا۔ اتوار کی چھٹی کے باوجود اسپتالوں میں لوگوں کی بھیڑ لگی ہے۔معمولی بخار میں مبتلا لوگ بھی ڈینگی کے خوف سے اسپتالوں میں پہنچ رہے ہیں۔رش کے باعث خون ٹیسٹ کرانے والوں کو رپورٹ کا کئی دن انتظار کرنا پڑتا ہے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ڈینگی سے خوفزدہ مت ہوں۔ڈینگی مچھر کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے دفعہ ایک سو چوالیس میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ جبکہ اس سلسلے میں شہر کے آٹھ سو پچاس کار سروس اسٹیشنز کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی کی افزائش روکنے کیلئے لاہور کے تمام کار سروس اسٹیشنز بند کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی جگہ پانی اکٹھا کئے جانے پر پابندی لگا دی ہے۔ پٹرول پمپس پر قائم ٹائر شاپش بھی بند کر دی گئی ہیں تاکہ مچھروں کی افزائش نہ ہو سکے۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت کے بعد شہر کے اکثر سروس اسٹیشن بند ہیں۔ جو سروس اسٹیشن کھولے گئے انہیں پولیس نے بند کروا دیا۔ سروس اسٹیشنز مالکان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اسپرے کرے تاکہ ان کا روزگار متاثرنہ ہو۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.