18 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:18
اقوام متحدہ کی پاکستانی سیلاب متاثرین کیلئے357ملین ڈالرز امداد کی اپیل
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے 35کروڑ 76 لاکھ ڈالرز کی فوری امداد کی اپیل کی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کوئی ادارہ حکومت پاکستان کے بغیر براہ راست امدادی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتا ،حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کی جانب سے امدادی اداروں اور میڈیا کو سیلاب سے ہونیوالے نقصانات پر بریفنگ دی گئی۔این ڈی ایم اے کے حکام نے بتایا کہ سیلاب سے سندھ میں 71 لاکھ آبادی براہ راست متاثر ہوئی۔60 لاکھ ایکڑ اراضی کا نقصان پہنچا،بلوچستان کے 13 اضلاع میں 9 لاکھ ایکڑ زیر کاشت اراضی تباہ ہوئی ۔اقوام متحدہ کے نمائندے ٹیمو پکالو نے بتایا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین میں 26 لاکھ 60 ہزار خواتین اور ساڑھے 19 لاکھ سے زائدبچے ہیں،64 فی صد افراد کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔حکومت کی جانب سے وفاقی وزیرا طلاعات فردوس عاشق اعوان نے غیر سرکاری نمائندوں کو امداد کی صاف اور شفاف طریقے سے تقسیم اور بلوچستان میں امدادی سرگرمیوں کیلئے مکمل تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے ابتدائی اپیل 91 منصوبوں کیلئے کی گئی ہے،ایک ماہ بعد نقصانات کا دوبارہ جائزہ لیا جائیگا۔