تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
18 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:18

سانگھڑ میں سیم نالے میں 70فٹ چوڑا شگاف،مزید 16دیہات زیرآب

جنگ نیوز -


حیدرآباد…دادو کے مقام پر دریا میں پانی کی سطح بڑھنے سے متعدد دیہات زیر آب ،سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کئی روز سے سیلابی پانی کھڑا ہے جس کی وجہ سے بازار اور مارکیٹیں بند ہیں اور لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔دریائے سندھ میں دادو کے مقام پر پانی کی سطح بڑنے سے متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں۔محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ دادو میں مورو پل کے مقام پردریائے سندھ میں پانی کی سطح 122.8 فٹ تک پہنچ گئی اور پانی کچے کے علاقے میں داخل ہو رہا ہے جس سے متعدد دیہات زیرآب آگئے اورسیکڑوں ایکڑپرکھڑی فصلیں ڈوب گئی ہیں۔ دادو کے علاقے کا چھو میں بارشوں اور سیم نالوں کا پانی کھڑا ہونے کے باعث کے سیکڑوں دیہات کا ساتویں روز بھی دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ رابطہ سڑکیں پانی میں ڈوبی ہونے کی وجہ سے متاثرین کھانے پینے کی اشیا کیلئے جوہی تک پیدل سفر کرنے پرمجبورہیں۔ بدین کے ایل بی او ڈی میں بہنے والے سیلابی ریلوں نے درجنوں ملحقہ دیہات کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔مختلف مقامات پر سیلابی ریلوں نے ایل بی او ڈی کے پشتوں کو مکمل ختم کردیا ہے۔کئی مقامات پر رابطہ پل بھی بہہ گئے اور زمینی رابطے بھی منقطع ہیں پنگریو ،ملکانی شریف شہروں سمیت درجنوں دیہات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ان علاقوں میں 30روز سے بجلی کی سپلائی بھی معطل ہے۔جھڈو کے بازاروں اور گلی محلوں میں پانی موجود ہے۔انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔نیوی چک،بلوچک ،سنگلر چک سمیت دیہات میں ہزاروں افراد پھنسے ہیں۔سانگھڑ میں سیم نالے میں 70فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے مزید 16دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ سیلابی پانی کھڑاہونے کی وجہ سے مچھر کی بہتات ہوگئی اورملیریا کی بیماری پھیل رہی ہے۔ضلع بھر کے بیشتر شہروں میں دکانیں اور بازار بند ہیں جس سے مقامی لوگوں کو معاشی پریشانی کاسامنا ہے۔خیرپور کے دیہی علاقوں میں بارشوں اور سیم نالوں کے پانی سے کپاس اور گنے کی فصلیں مکمل تباہ ہوگئی ہیں۔کسانوں کا کہنا ہے کہ پانی کی نکاسی نہیں کی گئی تو گندم کی فصل کاشت نہیں ہو پائی گی۔ادھر فصل تباہ ہونے کے باعث سبزیوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں اور مارکیٹ میں سبزیا ں کم آرہی ہیں۔فیض گنج اور نارا تحصیلوں میں بھی پانی کھڑا ہے جس سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.