18 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:18
پاکستان کی حالت افغانستان سے بھی گئی گذری ہے، راجہ ظفر الحق
جنگ نیوز -
پشاور…پاکستان مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی آج جوکیفیت ہے وہ افغانستان کی بھی نہیں۔پشاورمیں پاکستان مسلم لیگ ن کے زیراہتمام قائداعظم کانفرنس سے خطاب میں راجہ ظفرالحق کا کہنا تھا کہ نظریات قوموں کی بنیاد ہوتی ہیں، نظریئے کو چھوڑکرکوئی قوم زندہ نہیں رہ سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قیام ایک نظریہ کے تحت عمل میں لایا گیا جس کیلئے ہمارے آباواجداد نے قربانیاں دیں۔ راجہ ظفر الحق کا کہنا تھاکہ ایک منظم سازش کے تحت ایسے حکمران پاکستان پرمسلط کئے گئے جنہوں نے نظریہ پاکستان کو شدید نقصان پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سازش کے تحت پرویزمشرف اقتدارمیں آئے اور انھوں نے ملک کو نقصان پہنچانے کیلئے وہ کردار ادا کیا جو روس کے صدر گورباچوف نے ادا کیا، راجہ ظفر الحق کا کہناتھا کہ ہمارے سیاست دانوں نے نظریات کو پس پشت ڈال دیا ہے اور ذاتی مفادات کی سیاست کر رہے ہیں۔