19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 4:18
کراچی:ایس ایس پی سی آئی ڈی کے گھرپر دھماکا ،7افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر پردھماکا ہوا۔جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق اورمتعددزخمی ہوگئے ہیں،ذرائع کے مطابق ڈیفنس میں درخشاں تھانے کی حدود 32اسٹریٹ پر واقع گھرپر دھما کا ہوا ۔ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے جیونیوزکے نمائندے افضل ندیم ڈوگر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ گھر پر موجود تھے جب صبح ساڑھے سات بجے کے قریب دہشت گردوں نے بارود سے بھر ی گاڑی ان کے گھر سے ٹکرا دی ،جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوااور ان کے متعددسیکیورٹی گارڈجاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں۔جبکہ کئی گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔ذرائعکا کہنا ہے کہ دھماکے سے قریبی گھروں اور نجی اسکولوں کے شیشے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئی ہیں،جبکہ دھماکے کے مقام پر کئی فٹ گہرا گڑھا پڑگیا ہے ۔قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکار وں اورامدادی کارکنوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں سات افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔