21 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 3:35
ربانی کی ہلاکت کے باوجود امن کی کوششیں جاری رہیں گی ،اوباما
جنگ نیوز -
نیویارک ... امریکا کے صدر باراک اوباما ، افغان صدر حامد کرزئی اور نیٹو نے افغان امن کونسل کے چیئرمین برہان الدین ربانی کی ہلاکت کو ایک بڑا سانحہ قراردیا ہے تاہم اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔دہشت گرد اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔نیویارک میں اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر صدر اوباما نے افغان صدر حامد کرزئی سے سائیڈ لائن ملاقات کی۔ حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ سابق صدر برہان الدین ربانی کی ہلاکت انہیں افغانستان میں قیام امن کی کوششوں سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی، صدر باراک اوباما کا کہنا تھا کہ برہان الدین ربانی کی ہلاکت بہت بڑا نقصان ہے ، تاہم انہوں نے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ افغان معاشرے میں موجود تمام عناصر کو ایک جگہ اکٹھا کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں تاکہ افغانستان میں جاری تشددکا خاتمہ ہو سکے۔امریکی صدر نے کہا کہ افغانستان کی تعمیر نو اورقیام امن کیلئے برہان الدین ربانی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ، ادھر نیٹو کے سیکریٹری جنرل Anders Fogh کا کہنا ہے کہ برہان الدین ربانی کی ہلاکت افغانستان میں جاری مصالحت کی کوششوں کو نہیں روک سکی گی ،انہوں نے کہا کہ نیٹو افغان عوام کے تحفظ اور بہتر مستقبل کیلئے ان کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر چلتی رہے گی ۔