21 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 5:46
کراچی:گلبہار سے لاش برآمد، معمار میں فائرنگ سے 4افراد زخمی
جنگ نیوز -
کراچی…خورشید عباسی…گلبہار تھانے کی حدود قریشی کالونی حاجی مرید گوٹھ کے قریب تیس سالہ نامعلوم نوجوان کی لاش ملی ہے جسے فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق لاش ایک زیر تعمیر عمارت سے ملی ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ مقتول کو اغوا کرکے تشدد کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا ہے۔ نوجوان کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچا دی گئی ہے تاہم اس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ، علاوہ ازیں گلشن معمار تھانے کی حدود حاجی عبداللہ گبول گوٹھ میں آج صبح سویرے ڈاکووٴں نے ایک گھر میں گھس کر لوٹ مار کے بعد فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چار افراد حاجی عثمان، عبدالحمید، فاروق اور ظہور احمد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچادیا گیا ہے،جبکہ ڈاکو فائرنگ کے بعد جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔