21 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:58
مستونگ میں قتل کئے گئے 22زائرین کی نمازجنازہ
جنگ نیوز -
کوئٹہ… گذشتہ روز سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونے والے 22افراد کی تدفین کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزارہ ٹاون کے قبرستان میں کی جاری ہے ، تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔گذشتہ روز مستونگ میں مسافر بس کے زائرین کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 26میں سے 22افراد کی نماز جنازہ ہزارہ ٹاون کے قبرستان میں ادا کی گئی ، نماز جنازہ شیعہ عالم علامہ جمعہ اسدی نے پڑھائی ، تدفین میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین، رشتہ داروں کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں خواتین بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں، اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، لواحقین سانحہ میں بچھڑ جانے والے اپنے پیاروں کو یاد کرکے روتے رہے، دوسری جانب سانحہ مستونگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین اور تحفظ عزاداری کونسل کی جانب سے سوگ منایا جارہا ہے جبکہ کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں جزوی ہڑتال کی جارہی ہے ، علمدار روڈ، ہزارہ ٹاون، طوغی روڈ، مری آباد اور ان کے نواحی علاقوں میں کاروباری مراکز بند ہیں، پولیس اور لیویز نے کوئٹہ اور مستونگ کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران دو سو سے زائدمشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن سے واقعہ کے حولاے سے تفتیش جاری ہے۔