21 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:9
پاکستان اسٹیل ماہانہ ایک ارب خسارے میں ہے،واصف محمود
جنگ نیوز -
کراچی…پاکستان اسٹیل کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو واصف محمود کے مطابق ادارے کو ہر ماہ 1 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، ادارے کی بحالی کے لیئے حکومت کو تین آپشنز دیئے ہیں، جس میں حکومت سے 14 ارب روپے کے قرض کا حصول بھی شامل ہے۔پاکستان اسٹیل آپریشن بلڈنگ میں افسران اور ٹریڈ یونین ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں ملازمین نے ادارے کی گھٹتی ہوئی پیداوار، تنخواہوں میں تاخیر اور مراعات میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر قائم مقام چیف ایگزیکٹو واصف محمود نے بتایا کہ خام مال کی قلت کی وجہ سے ماہانہ 1 ارب روپے خسارہ ہورہا ہے، موجودہ صورتحال میں ادارے کوزیادہ دیر تک نہیں چلایا جاسکتا۔ادارے کی بحالی کے لئے حکومت کو تین تجاویز دی ہیں جس میں حکومت سے نرم شرائط پر 14 ارب روپے قرض پاکستان اسٹیل کو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ بات چیت کی اجازت یا پھر 85 ارب روپے کی زمین کو فروخت کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے۔ ان تجاویز پر حکومت سے متعدد بار بات چیت کی جاچکی ہے، لیکن تاحال اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوپائی ہے۔