21 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:9
نئی ایل پی جی پالیسی صارفین کے لئے خوش آئندہے،عرفان کھوکھر
جنگ نیوز -
اسلام آباد…نئی ایل پی جی پالیسی 2011 کے تحت مائع پٹرولیم گیس کی مقامی قیمت پر 11 روپے 48 پیسے فی کلو ڈیولپمنٹ لیوی عائد کردی گئی ہے، اور اس طرح درآمدی گیس کی سپلائی بہتر ہوجائے گی اور گیس کی قیمت جلد 6 روپے فی کلو کم ہوجائے گی۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عرفان کھوکھر نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے نئی ایل پی جی پالیسی کو صارفین کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی کے تحت مائع پٹرولیم گیس کے کوٹے ہر ماہ 20 فی صد گیس درآمد کرنا پڑے گی اور ملک میں گیس کی قلت میں کمی ہونے سے قیمتیں بھی کم ہوسکیں گی۔ ان کا کہنا تھاکہ گیس کی سپلائی بہتر ہونے سے اس کا استعمال بڑھے گا اور حکومت کو ہر سال 7 ارب روپے کا ٹیکس مل سکے گا۔ عرفان کھوکھر نے کہا کہ اس پالیسی کے مخالفین تنقید کرنے کی بجائے عدالت سے رجوع کریں اور جیسے یہ عدالتیں میں جائیں گے وہ گیس مافیا کی ماضی کی لوٹ مار کے سارے ثبوت عدالت میں پیش کریں گے۔